بنگلورویکم اکتوبر(ایس او نیوز)تعلیمی شعبہ میں ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے لئے بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی) نے مائکرو سافٹ اور ٹیک اوانت گارڈے کے ساتھ اشتراک کیا ہے تاکہ موجودہ کارپوریشن اسکولوں کو ترقی دی جا سکے۔’’پراجکٹ روشنی‘‘ کے نام سے جاری اس منصوبے کے ذریعہ بی بی ایم پی اسکولوں کے لئے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور مالی تعاون فراہم کیا جائے گا، اس طرح ترقی دی جانے والی اسکولوں میں خانگی اسکولوں کے مساوی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں اختیار کی جائیں گی۔ریاستی نائب وزیر اعلیٰ اور بنگلور شہری ترقیات کے وزیر ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتایا کہ ’’یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ شہر میں کارپوریشن اسکول خانگی اسکولوں کے ہم پلہ نہیں ہیں۔پہلی بار مائکرو سافٹ نے شہر کی 150 سے زیادہ اسکولوں کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کا اقدام کیا ہے ، مائکرو سافٹ کی طرف سے کمپیوٹر اور اسمارٹ کلاس کی سہولیات سے متعلق تربیت بھی اساتذہ کو فراہم کی جائے گی، اس کے ذریعہ کارپوریشن اسکولوں کے طلباء کو خانگی اسکولں کے طلباء کے مساوی حیثیت حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے‘‘۔بی بی ایم پی کمشنر این منجو ناتھ نے بتایا کہ ’’یہ ہماری کوشش ہے کہ ان اسکولوں کو آنے والے تین سالوں کے اندر اس مرتبہ کی بنا دیں، ہم چاہتے ہیں کہ طلباء بشپ کاٹن کے بجائے ہماری اسکولوں کو ترجیح دینے لگیں‘‘۔البتہ اس منصوبہ میں بلدیہ کی طرف سے کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوگی، پرساد نے بتایا کہ ’’حسب سابق عمارتوں کے بشمول انتظامات کا خرچ بی بی ایم پی کی طرف سے برداشت کیا جائے گا، اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کے لئے مائکرو سافٹ پانچ سالوں کے دوران500سے600کروڑ روپئے تک خرچ کرے گا‘‘۔